لاہور: شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کا 147 واں یوم ولادت آج منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر مزار اقبال لاہور پر ایک پروقار گارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان نیوی کے کمانڈر سینٹرل پنجاب، ریئر ایڈمرل اظہر محمود نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
ریئر ایڈمرل اظہر محمود نے پاکستان رینجرز اور پاک بحریہ کے دستوں کا معائنہ کیا۔ اس دوران، پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستوں نے مزار اقبال پر اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھالے۔ تقریب کے دوران امیر البحر ایڈمرل نوید اشرف نے مزار پر علامہ اقبال کی روح کے ایصالِ ثواب کے لیے پھول چڑھائے۔
علامہ محمد اقبال 9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے، یہ دن شاعر مشرق کی فکری وراثت، ان کے افکار اور قومی خدمات کو یاد کرنے اور اجاگر کرنے کا موقع ہوتا ہے۔
علامہ اقبال نے اپنے فلسفے اور شاعری کے ذریعے نہ صرف مسلمانوں کو بیدار کیا بلکہ انہیں ایک نئی فکری رہنمائی فراہم کی۔ اس دن مختلف تعلیمی اداروں، سیاسی جماعتوں اور تنظیموں کی جانب سے سیمینارز، محافل اور تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے تاکہ نوجوانوں کو اقبال کی تعلیمات سے روشناس کرایا جا سکے۔