کوئٹہ: ریلوے سٹیشن پر دھماکہ، خاتون سمیت 20 افراد جاں بحق

کوئٹہ: ریلوے سٹیشن پر دھماکہ، خاتون سمیت 20 افراد جاں بحق

کوئٹہ: صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے ریلوے سٹیشن کے پلیٹ فارم پر دھماکے کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد میں ایک خاتون بھی شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں سے کئی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

ترجمان بلوچستان حکومت کے مطا بق  پولیس اور سکیورٹی فورسز موقع پر پہنچ چکی ہیں اورنوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ بھی موقع پر موجود ہے اور شواہد اکٹھا کر رہا ہے۔ ایس ایس پی آپریشنز محمد بلوچ کے مطابق، دھماکہ بظاہر خودکش حملہ معلوم ہوتا ہے، اور یہ اس وقت ہوا جب جعفر ایکسپریس کی روانگی کے لیے مسافروں کی بڑی تعداد پلیٹ فارم پر موجود تھی۔

دھماکے کے فوری بعد سول ہسپتال کوئٹہ میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور اضافی ڈاکٹرز اور طبی عملہ طلب کر لیا گیا ہے تاکہ زخمیوں کو فوری امداد فراہم کی جا سکے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی قابل مذمت ہے، جس میں معصوم افراد کو نشانہ بنایا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور بلوچستان سے دہشت گردوں کا قلع قمع کیا جائے گا۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گرد اب معصوم عوام، بچوں اور خواتین کو اپنا نشانہ بنا رہے ہیں، اور ان دہشت گردوں کا کوئی انسانیت سے تعلق نہیں۔ ان کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی جائیں گی تاکہ مزید ایسے افسوسناک واقعات کو روکا جا سکے۔

مصنف کے بارے میں