لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں جیت پر قومی ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق شاہد خان آفریدی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں لکھا ’فائنل میں پہنچ گئے، پاکستان ٹیم نے تینوں شعبوں بالخصوص فیلڈنگ میں کیویز کو آؤٹ کلاس کر دیا، بابر نے شاندار کارکردگی دکھائی جس کی ہمیں کافی ضرورت تھی۔ سب کو بہت مبارک ہو۔‘
Off to the FINAL! Our boys outclassed the Kiwis in all 3 departments sp in fielding! And Babar lead from the front we needed this! Mubarak to everyone ????????
— Shahid Afridi (@SAfridiOfficial) November 9, 2022
واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا ہے۔
کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا اور 16 اوورز میں 1 وکٹ کے نقصان پر 127 رنز بنائے جبکہ 153 رنز کا ہدف آخری اوور میں حاصل کیا۔
ہدف کے تعاقب میں کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے جارحانہ آغاز فراہم کرتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں 105 رنز جوڑ کر جیت کی بنیاد رکھی۔
بابراعظم 43 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور محمد رضوان نے 42 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 57 رنز بنائے جبکہ محمد حارث نے 30 رنز کی اننگز کھیلی۔
ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل کل بھارت اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا جس کی فاتح ٹیم 13 نومبر بروز اتوار فائنل میں پاکستان کے مدمقابل ہو گی۔