لاہور: جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی عیادت کی۔
تفصیلات کے مطابق سراج الحق کی قیادت میں جماعت اسلامی کا وفد عمران خان سے ملاقات کیلئے زمان پارک پہنچا جہاں انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی ملاقات کے دوران ملکی معاملات اور سیاسی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔
دوسری جانب سراج الحق اور عمران خان کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے اور ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے کہا کہ سسٹم ایسا ہے کہ حملے کی ایف آئی آردرج نہیں ہوسکی، حکومت بھی ہماری اورہم ہی بے بس نظرآ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی تعیناتی پرکوئی کچھ بول رہا اورکوئی کچھ بول رہا ہے، صدارتی نظام کا آپشن بھی موجود ہے، الیکشن کمیشن مسلم لیگ (ن) کا ہے جبکہ صاف اورشفاف انتخابات کیلئے ای وی ایم کا ہونا ضروری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی کے معاملے پر سراج الحق نے کہا کہ ہمارا موقف ہے کہ سینیارٹی کی بنیاد پرآرمی چیف کی تعیناتی ہو۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی عمران خان کی عیادت
10:06 PM, 9 Nov, 2022