محمد عامر سیمی فائنل میں قومی ٹیم کی جیت کے بعد کیا کرتے رہے؟ وہاب ریاض نے تصویر شیئر کر دی

07:01 PM, 9 Nov, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ میں مایوس کن آغاز کرنے والی قومی ٹیم فائنل میں پہنچ چکی ہے جس پر ہر پاکستانی خوشی سے سرشار ہے اور جشن منانے میں مصروف ہے مگر ایسے میں قومی ٹیم اور مینجمنٹ کو شدید تنقید کا نشانہ بنانے والے محمد عامر کیا کرتے رہے؟ 
قومی ٹیم کو ٹی 20 ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں بھارت کے ہاتھوں شکست ہوئی تو دوسرے میچ میں زمبابوے نے اپ سیٹ شکست دے کر قومی ٹیم کی سیمی فائنل میں رسائی کو اگر مگر کی نہج پر لا کھڑا کیا جس پر نجی ٹی وی کے پروگرام میں بطور مہمان شریک ہونے والے محمد عامر کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ مینجمنٹ اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) حکام بالخصوص رمیز راجہ کو خوب آڑے ہاتھوں لیتے رہے۔ 
زمبابوے کے خلاف میچ میں ذلت آمیز شکست کے بعد بھی شاہینوں نے ہمت نہ ہماری اور بعد ازاں نیدرلینڈز، جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کے خلاف میچز جیتے جبکہ نیدرلینڈز کے ہاتھوں پروٹیز کی تاریخی شکست کی صورت میں سیمی فائنل میں پہنچ گئی جہاں آج نیوزی لینڈ کو ہرانے کے بعد فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ 
گرین شرٹس کی اس شاندار فتح کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے محمد عامر کو خوب آڑے ہاتھوں لیا اور طرح طرح کی میمز بنانے لگے جبکہ کچھ نے کہا کہ سیمی فائنل میں پاکستان کی کامیابی کے بعد محمد عامر نے ’سرف‘ کھا لیا ہے تاہم وہاب ریاض نے اس کا بہت دلچسپ جواب دیا۔ 
انہوں نے ٹوئٹر پر محمد عامر کی چاکلیٹ کھاتے ہوئے تصویر شیئر کی اور لکھا ’لوگ کہہ رہے ہیں کہ آج پاکستان کی جیت کے بعد محمد عامر نے سرف کھا لیا ہے۔ میں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ محمد عامر بالکل ٹھیک ہیں اور چاکلیٹ کھا رہے ہیں!‘ 

مزیدخبریں