سیمی فائنل، پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنا لی

04:28 PM, 9 Nov, 2022

نیوویب ڈیسک

سڈنی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے باؤلرز کے بعد بابراعظم اور محمد رضوان کی عمدہ کارکردگی کی بدولت نیوزی لینڈ کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ 
سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ڈیرل مچل کی عمدہ بلے بازی کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنائے تھے۔ 
ڈیرل مچل نے 35 گیندوں پر 1 چھکے اور 3 چوکوں کی مدد سے 53 رنز بنائے اور کین ولیم سن نے 42 گیندوں پر ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 46 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ڈیوون کونوے 21، جیمی نیشام 16 اور فن ایلن 4 رنز بنا سکے۔ 
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 24 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ محمد نواز نے ایک وکٹ حاصل کی۔ 
ہدف کے تعاقب میں کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے جارحانہ آغاز فراہم کرتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں 105 رنز جوڑ کر جیت کی بنیاد رکھی۔ بابراعظم 43 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور محمد رضوان نے 42 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 57 رنز بنائے جبکہ محمد حارث نے 30 رنز کی اننگز کھیلی۔ 
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ سب سے کامیاب باؤلر ثابت ہوئے جنہوں نے 4 اوورز میں 33 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور مچل سینٹنر نے ایک وکٹ حاصل کی۔ 
قومی کرکٹ ٹیم نے تیسری مرتبہ ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کیا ہے جبکہ اس سے قبل قومی ٹیم 2007ءاور 2009 ءمیں کھیلے گئے ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچی تھی۔ 

مزیدخبریں