لاہور: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے قومی کرکٹ ٹیم کو پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم آپ سے آخری گیند تک لڑنے کی توقع رکھتے ہیں ۔
اپنی ٹویٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میچ میں بابراعظم اور ٹیم کیلئے قوم کی طرف سے دعاؤں اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔
قوم کیجانب سے بابر اعظم اور انکی ٹیم کیلئے دعاؤں اور نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔ آپ سے ہماری تمام تر توقع یہی ہے کہ آخری گیند تک مقابلہ کریں!
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) November 9, 2022
ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے ۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کا میچ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جا رہا ہے ۔ دونوں ٹیموں کی جانب سے سیمی فائنل کیلئے کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ۔
اس موقع پر کپتان بابراعظم نے کہا کہ ٹاس جیت جاتے تو ہم بھی پہلے بیٹنگ کرتے ۔ نیوزی لینڈ میں اچھے بیٹسمین اور بولرز ہیں ۔ ہماری توجہ سیمی فائنل ہے ، جیتنے کی پوری کوشش کریں گے ۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ پہلے 2 میچز اچھا نہیں کھیل سکے لیکن بعد میں ٹیم نے شاندار کم بیک کیا ۔ کپتان نے کہا کہ تمام کھلاڑیوں پر پورا اعتماد ہے ۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ اور پاکستان 29ویں بار آمنے سامنے ہو رہے ہیں ۔ جن میں 17 میچز پاکستان اور 11 نیوزی لینڈ کے نام رہے ۔