ملک بھر میں مصور پاکستان کا یوم ولادت جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے

10:17 AM, 9 Nov, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور: ملک بھر میں مصور پاکستان ، شاعرمشرق اور حکیم الامت علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کا آج 145واں یوم ولادت جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے ۔

اس موقع پر مزاراقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب ہوئی جس کے بعد پاک بحریہ کے جوانوں نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے ۔ پاکستان رینجرز پنجاب کا دستہ اپنے فرائض سے سبکدوش ہو گیا ۔ اسٹیشن کمانڈر لاہور کموڈور ساجد حسین تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔ انہوں نے مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی ۔

گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے بھی مزار اقبال پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی ۔ گورنر پنجاب نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے ، صوبائی وزیر بلدیات پنجاب میاں محمود الرشید نے بھی مزار اقبال پر حاضری دی ۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم اقبال کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ علامہ اقبالؒ کا خودی کا تصور ملک کو ترقی دینے کیلئے مشعل راہ ، آج عہد کریں کہ اقبالؒ کی تعلیمات کے مطابق اپنی زندگیوں کو ڈھالیں گے ۔

ڈاکٹر عارف علوی نے شاعر مشرق کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اقبال کے نظریات ، اقدار اور نئی سوچ نے کئی نسلوں کو متاثر کیا ۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ علامہ اقبال نے نوجوانوں کو اسلاف کی قربانیوں ، عظمت رفتہ اور کھوئی ہوئی میراث سے روشناس کرایا ، شاعرمشرق نے امت کے نوجوانوں کو شاہین سے تعبیر دی ، آئیں، ہم خود سے سوال کریں، کیا واقعی ہم نے اقبالؒ کے پاکستان کی حفاظت کی ۔

مزیدخبریں