لاہور:لاہور میں ڈینگی مریضوں کی بھرمار کے بعد ڈینگی بخار میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی دوا پیناڈول مارکیٹ سے غائب ہو گئی ،لیکن ڈینگی مچھروں کی تعداد پہلے سے کم ہونے کی بجائے پہلے سے کہیں زیادہ ہوگئی ہے ۔
نمائندہ نیو نیوز کے مطابق پنجاب میں جہاں حکومت ڈینگی کی روک تھام نہ کرسکی وہیں چینی مافیا کی طرح ڈرگ مافیا کو بھی کنٹرول کرنے میں مسلسل ناکام نظر آ رہی ہے ،ڈینگی بخار میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی انتہائی سستی دوا پیناڈول بھی مارکیٹ سے غائب ہو گئی ۔
صدر پاکستان ڈرگز لائر فورم نور مہر کا کہنا ہے ڈینگی میں اضافےسے پیناڈول کی طلب اچانک کئی گنا بڑھ گئی جس کے باعث پیناڈول سمیت ڈینگی بخار کے علاج کی ادویات کی قلت پیدا ہوئی۔
ذرائع کے مطابق صوبہ بھر میں ڈینگی وائرس کا پھیلاؤ جاری ہے ایسے میں ذخیرہ اندوز مافیا بھی متحرک ہو گیا ہے اور ڈینگی بخار کے مریضوں کیلئے مفید سمجھی جانے والی ادویات بازار سے غائب ہوتی جا رہی ہیں۔
شہر کے میڈیکل سٹوروں سے پیناڈول گولی ملنا ناممکن ہو چکا ہے ،پیناڈول کی مارکیٹ میں ڈیمانڈ زیادہ ہونے کے باعث متعدد علاقوں میں اس وقت قلت کا سامنا ہے۔