اسکینڈل کے بعد راج کندرا پہلی بار اپنی بیوی شلپا شیٹی کے ساتھ منظر عام پر

05:51 PM, 9 Nov, 2021

ممبئی: غیر اخلاقی فلم اسکینڈل میں جیل کی ہوا کھانے والے راج کندرا پہلی بار اپنی بیوی شلپا شیٹی کے ساتھ منظر عام پر آ گئے۔ 

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں میاں بیوی کے درمیان برف پگھلنے لگی ہے کیونکہ غیر اخلاقی فلم اسکینڈل میں راج کندرا کے گرفتار ہونے پر یہ بھی خبریں گردش کر رہی تھیں کہ انہوں نے اپنے شوہر سے علیحدگی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تاہم اب دونوں کی منظرِ عام پر آنے والی تصاویر میں شلپا شیٹی اور راج کندرا ہماچل پردیش میں ایک مندر میں جاتے ہوئے نظر آئے۔

تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شلپا شیٹی اور اُن کے شوہر پیلے رنگ کے لباس میں ملبوس ہیں اور راج کندرا نے سفید پاجامے کے ساتھ پیلے رنگ کا کُرتا پہنا ہوا تھا جبکہ شلپا شیٹی نے پیلے رنگ کی شلوار قمیض پہن رکھی تھی۔

اس کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پر شلپا شیٹی اور راج کندرا کی مندر میں بنائی گئی ایک ویڈیو بھی شیئر کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ ممبئی پولیس کے کرائم برانچ سیل نے غیر اخلاقی فلم بنانے کے الزام میں اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا کو رواں سال جولائی میں گرفتار کیا تھا جس کے بعد اُنہیں ستمبر میں ضمانت پر رہائی ملی تھی۔

پولیس کا کہنا تھا کہ راج کندرا کے خلاف غیر اخلاقی فلم بنانے کا کیس مالانی پولیس اسٹیشن میں 4 فروری 2021 کو انڈین پینل کورٹ کے انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ اور خواتین کی نامناسب نمائندگی [ممنوعہ] ایکٹ کی دفعات کے تحت درج کیا گیا تھا اور وہ اس کیس کے کلیدی کردار تھے۔

مزیدخبریں