وزیرآباد میں زندگی لوٹ آئی

وزیرآباد میں زندگی لوٹ آئی

وزیرآباد : تحریک لبیک پر سے پابندیاں ہٹانے کے بعد معمولات زندگی بحال ہونا شرو ع ہوگئے ۔ جی ٹی روڈ کھول دیا گیا اور انٹرنیٹ بحال کردیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق تحریک لبیک پر عائد پابندی  ختم ہونے کے بعد وزیر آباد میں 11 روز کے بعد زندگی بحال ہونا شرو ع ہوگئی ہے ۔ وزیرآباد میں ٹی ایل پی کے مظاہرین کی طرف سے دھرنا ختم کرنے کے بعد لاہور اور راولپنڈی کا جی ٹی روڈ سے رابطہ بحال ہوگیا ہے ۔

حکام کا کہنا ہے کہ وزیرآباد اور گردو نواح میں انٹر نیٹ کی سروس بحال کردی گئی ہے جبکہ جی ٹی روڈ کھلنے کی وجہ سے ادویات سبزیاں اور دیگر ضروریات زندگی کا حصول ممکن ہوگیا ہے ۔

وزیرآباد میں دھرنا ختم کرنے کے بعد تحریک لبیک پاکستان کا مارچ واپس لاہور پہنچ گیا واپسی پر راستے میں  جی ٹی روڈ پر مریدکے اور دیگر مقامات پر مارچ کے شرکا کا استقبال بھی کیا گیا۔

تحریک لبیک کی قیادت نے اعلان کیا ہے کہ مارچ کے شرکا ملتان روڈ پرمسجد رحمت اللعالمین میں قیام کریں گے۔

یاد رہے کہ تحریک لبیک یارسول کی طرف سے وزیرآباد کے مقام پر احتجاجی دھرنے سے 11 روز ٹریفک بند رہی ۔ انٹرنیٹ سروسز بحال نہیں تھیں اور کھانے پینے کی اشیاء کی ترسیل میں سخت مشکلات کا سامنا تھا ۔