تحریک طالبان پاکستان نے فائربندی کا اعلان کردیا

تحریک طالبان پاکستان نے فائربندی کا اعلان کردیا

اسلام آباد : کا لعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے 9 نومبر سے ایک ماہ کیلئے سیز فائر کا اعلان کردیا۔اس سے قبل وفاقی وزیرفواد چوہدری نے بھی ٹی ٹی پی سے معاہدے کی تصدیق کردی تھی۔

تفصیلات کے مطابق کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی ) نے ایک ماہ کے لئے سیزفائر کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات میں پیش رفت کے دوران مزید توسیع کی جائے گی ۔ تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ فائر بندی کی پاسداری دونوں فریقین پر لازم ہے ۔

کالعدم ٹی ٹی پی کا کہنا ہے کہ فریقین نے مذاکراتی کمیٹیوں کے قیام پر اتفاق کیا ہے، کمیٹیاں آئندہ لائحہ عمل اور فریقین کے مطالبات پر مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کی کوشش کریں گی۔کالعدم ٹی ٹی پی کے مطابق امارت اسلامیہ افغانستان مذاکراتی عمل میں ثالث کا کردار ادا کر رہی ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا تھاکہ حکومت پاکستان اور کالعدم ٹی ٹی پی مکمل سیز فائر پر آمادہ ہوچکےہیں ۔

ان کا کہنا تھاکہ مذاکرات کی پیشرفت کو سامنے رکھتے ہوئے سیز فائر میں توسیع ہوتی جائے گی۔

فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ مذاکرات میں افغانستان کی عبوری حکومت نے سہولت کار کا کردار ادا کیا ہے ۔ یہ خوش آئند ہے کہ پاکستان کے یہ علاقے طویل عرصے بعد مکمل امن کی طرف بڑھ رہےہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ترک ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے کچھ گروپس حکومت سے بات کرنا چاہتے ہیں، ہم بھی ٹی ٹی پی کے کچھ گروپس کے ساتھ رابطے میں ہیں ۔