صادق آباد: صوبہ پنجاب کے شہر صادق آباد اور اس کے گرد و نواح میں امونیا گیس پھیل گئی ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ریسکیو ذرائع سے بتایا ہے کہ امونیا گیس پھیلنے کی وجہ سے شہریوں کو سانس لینے میں شدید دشواری پیش آ رہی ہے۔ امدادی اداروں کی گاڑیاں شہر کے مختلف مقامات پر پہنچ گئی ہیں اور امونیا گیس کی لیکج کے مقام کی تلاش میں مصروف ہیں۔ تاحال امونیا گیس کی لیکج کے مقام کا علم نہیں ہوسکا ہے مگر متعلقہ ادارے اپنی پوری کوشش کررہے ہیں۔
صورتحال کے پیش نظر سول اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور ڈاکٹروں سمیت اضافی نرسنگ اسٹاف کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔ اسپتال ترجمان کا کہنا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جا چکے ہیں۔