اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما احسن اقبال کہتے ہیں کہ رفتار مختلف ہوسکتی ہے لیکن پی ڈی ایم میں سب کی منزل ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان کےالیکشن میں بھی مینڈیٹ چوری کرنےکی اسکیم بنارہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیرداخلہ اور مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہماری رفتار کم ہو سکتی ہے لیکن پی ڈی ایم کی منزل ایک ہے۔ انہوں نے گلگت بلتستان میں ہونے والے الیکشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان کےالیکشن میں بھی مینڈیٹ چوری کرنےکی اسکیم بنارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی وزرا ووٹ کے لیے لوگوں کو رشوت کی آفر کررہے ہیں اور ہزاروں کی تعداد میں پوسٹل بیلٹ تقسیم کیے جارہے ہیں۔ جس کے ثبوت ہم نے چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کو پیش کیے۔ انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت نے گلگت بلتستان میں روش نہ بدلی تو اس کا فائدہ بھارت اٹھائےگا۔ احسن اقبال نے وزیراعظم کے گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کے اعلان سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے یکطرفہ طور پر گلگت بلتستان صوبہ بنانے کا اعلان کیا اس حوالے سے اپوزیشن سے کوئی بات نہیں ہوئی۔
عبدالقادر بلوچ اور ثنااللہ زہری کا مسلم لیگ ن کو چھوڑنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ثنااللہ زہری آخری وقت تک مریم نواز کی گاڑی خود چلاتے رہے اگر ثنااللہ زہری کو بیانیے سے اختلاف تھا تو انہیں مریم نواز کی گاڑی خود نہیں ڈرائیو کرنی چاہیئے تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جدوجہد کسی ایک شخص کی نشست سے بہت بڑی ہے۔ بنیادی جزیات پر ہم سب متفق ہیں ہرکسی کی اپنی تشریح ہوسکتی ہے۔
خیال رہے کہ کوئٹہ میں پی ڈی ایم کے جلسے کے بعد مسلم لیگ ن بلوچستان میں تب اختلافات نے جنم لیا جب جلسے میں ثنااللہ زہری کو مدعو نہ کیا گیا۔ جس پر عبدالقادر بلوچ اور نواب ثنا اللہ زہری نے مسلم لیگ چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔یاد رہے کہ عبدالقادر بلوچ مسلم لیگ ن کے صدر جبکہ مسلم لیگ ن کے دور میں وفاقی وزیر بھی رہ چکے ہیں۔ جبکہ نواب ثنااللہ زہری ن لیگ کے دور میں بلوچستان کے وزیراعلیٰ رہ چکے ہیں۔