گلگت بلتستان الیکشن میں تحریک انصاف کلین سویپ کرے گی، وزیراعظم

Pakistan,pm,Imran khan,Gilgit baltistan,GB elections
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سوات اور حافظ آباد کے جلسوں سے ثابت ہو گیا ہے کہ عوام کا ہم پر اعتماد قائم ہے اور تحریک انصاف گلگت بلتستان میں ہونے والے الیکشن میں کلین سویپ کرے گی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت تحریک انصاف کی پولیٹیکل کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا اور ملکی معاشی صورتحال اور حکومت کی میڈیا حکمت عملی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنی اقتصادی ٹیم کو معاشی کامیابیوں کو میڈیا پر اجاگر کرنے کی ہدایت کر دی۔ 

اس موقع پر ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام معاشی اعشاریے مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں اور دو سال کی محنت سے معیشت کو پاوں پر کھڑا کر دیا ہے اور معاشی پالیسیوں کے ثمرات آنے والے عرصے میں عوام کو منتقل ہونا شروع ہو جائیں گے جبکہ اقتصادی ٹیم عوام کو بتائے کہ کس طرح سے پچھلی حکومتوں نے معیشت کو نقصان پہنچایا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن اپنی سیاست بچانے کے لیے عوام کو گمراہ کر رہی ہے اور اپوزیشن مہنگائی سے متعلق حکومت کے خلاف پروپیگنڈا کر رہی ہے۔ ان لوگوں کی غلط پالیسیوں کا نقصان آج عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے جبکہ سوات اور حافظ آباد کے جلسوں سے ثابت ہو چکا کہ عوام کا تحریک انصاف اور اس کی حکومت پر بھر پور اعتماد ہے۔ 

خیال رہے کہ گلگت بلتستان الیکشن 2020 کا شیڈول جاری کر دیا گیا اور تمام 24 حلقوں پر عام انتخابات 15 نومبر کو ہوں گے۔ جس کے لئے تمام سیاسی جماعتوں نے سر توڑ کوششیں کی ہوئی اور آئے روز جلسے اور کارنر میٹنگ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان میں ڈیرے ڈالے اور خوب الیکشن مہم کو جاری رکھا ہوا ہے۔

دوسری جانب سپریم کورٹ نے بلاول بھٹو زرداری کو جاری رکھنے کی اجازت دے دی ہے اور وہ اپنی الیکشن مہم کو 12 نومبر تک جاری رکھ سکیں گے۔ حکمراں جماعت تحریک انصاف کی جانب سے علی امین گنڈا پور گلگت بلتستان میں الیشکن مہم کو لیڈ کر رہے ہیں اور مخالفین پر تابڑ توڑ حملے بھی کر رہے ہیں اور ان کے بیانات کی وجہ سے انہیں خاصی تنقید کا نشانہ بھی اپوزیشن کی جانب سے بنایا جا رہا ہے۔

مسلم لیگ ن کی طرف سے مریم نواز انتخابی مہم کو لیڈ کر رہی ہیں اور ورکروں سے مختلف مقامات پر خطابات کر رہی ہیں۔