اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کی پاکستان واپسی کے بعد وزیر دفاع پرویز خٹک نے اپنے بیان پر معافی مانگ لی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پرویز خٹک نے کہا پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین سے متعلق کچھ اور کہہ رہا تھا مگر میرے منہ سے کچھ اور ہی نکل گیا اور اپنے جلسے کے الفاظ پر جہانگیر ترین سے معافی چاہتا ہوں۔
یاد رہے کہ چند روز قبل ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں سابق وزیراعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے نوشہرہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ جہانگیر ترین کا نام چینی اسکینڈل میں آیا تو بھاگ کر لندن چلا گیا اور جہانگیر ترین جیسے شخص نے اپنی ہر چیز بھی بیچ دی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے خطاب میں انہوں نے پشتو زبان میں کہا تھا کہ جہانگیر ترین نے جہاز چلائے اور اتنی زیادہ محنت کی لیکن پھر بھی لندن جا کر بیٹھ گیا۔
خیال رہے کہ 5 نومبر کو پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین لندن سے سات ماہ بعد واپس وطن لوٹے۔ واپسی پر انہوں نے دورہ برطانیہ سے کی جانے والی تمام قیاس آرائیوں کو بھی مسترد کر دیا تھا۔
جہانگیر ترین شوگر کمیشن کی رپورٹ آنے کے بعد برطانیہ چلے گئے تھے اور سات ماہ تک ہیمپشائر کنٹری ہوم میں مقیم رہے۔ اسی عرصے کے دوران جہانگیر ترین نے کوئی سیاسی ملاقات نہیں کی تھی جبکہ ان کی نواز شریف سے ملاقات کے حوالے سے پاکستان میں قیاس آرائیاں کی جاتی رہی ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں چینی کے بحران کی تحقیقات کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی کی رپورٹ کو چار اپریل کو منظر عام پر لایا گیا۔ عوام کے سامنے پیش کیا گیا تھا جس میں بتایا گیا کہ برآمد اور قیمت میں اضافہ ہونے سے سب سے زیادہ فائدہ جہانگیر ترین کی شوگر ملوں کو ہوا تھا جبکہ برآمد اور اس پر دی جانے والی سبسڈی کی وجہ سے ملک میں چینی کا بحران پیدا ہوا تھا۔