لاہور: صوبہ پنجاب میں عالمی وبا کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے پنجاب حکومت نے صوبے میں ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے بازاروں کو بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ اہم ترین فیصلہ صوبائی کابینہ کمیٹی برائے انسداد عالمی وبا کے اجلاس میں کے گئے۔
اجلاس میں حکومت پنجاب نے وبا کے انسداد کے لئے اہم اقدامات کی منظوری دی۔اس موقع پر صوبائی وزیر تجارت میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ انسداد وبا کابینہ کمیٹی نے صوبے میں وبا کی صورتحال کا جائزہ لے کر اقدامات کی منظوری دی۔ صوبے میں وبا کے مثبت کیسز کے بڑھنے کی وجہ سے اہم اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سمارٹ لاک ڈاؤن کو مائیکرو سے بڑھا کر محلہ اور سوسائٹی لیول تک بڑھایا جائے گا جبکہ شہریوں کو سختی سے ہدایات جاری کرتے ہوئے متنبہ کیا کہ جس مارکیٹ، بازار، آفس، شادی ہال میں ماسک کی پابندی نہیں کی جائے گی اسے فوری طور پر بند کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں وبا ایک بار پھر سر اٹھانے لگا ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں 9 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ حالیہ ہلاکتوں سے اس موذی وبا سے مرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 977 ہو گئی ہے۔ مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 44 ہزار 839 تک جا پہنچی جبکہ 3 لاکھ 18 ہزار 881 مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 9 اموات ہوئیں۔ جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 6 ہزار 977 ہو گئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ایک ہزار 650 نئے مریض سامنے آئے۔ مریضوں کی تعداد بھی 3 لاکھ 44 ہزار 839 تک جا پہنچی۔ 972 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے اور 3 لاکھ 17 ہزار 898 مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق سندھ میں 1 لاکھ 50 ہزار 169، خیبرپختونخوا 40 ہزار657، پنجاب میں 1لاکھ 6 ہزار 922، اسلام آباد 21 ہزار 861، بلوچستان میں 16 ہزار 106 اور آزاد کشمیر میں 4 ہزار 758 مریض ہیں جبکہ گلگت بلتستان میں مریضوں کی تعداد 4 ہزار366ہو گئی ہے۔