لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈا پور کے مریم نواز کے بارے میں پر تحفظات تو ہو سکتے ہیں لیکن آئیڈیالوجی پر ان کے ساتھ ہوں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ علی امین گنڈا پور قابل احترام بھائی ہیں اور وہ گلگت بلتستان میں تحریک انصاف کی الیکشن مہم کو لیڈ کر رہے ہیں۔
الیکشن مہم میں مریم نواز تحریک انصاف کی قیادت کے خلاف زہر اگل رہی ہیں اور قومی اداروں پر حملے کر رہی ہیں اور کوئی بھی غیرت مند اس بیانیے کو قبول نہیں کرے گا۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا علی امین گنڈاپور کے ری ایکشن میں الفاظ کا چناؤ شاید مناسب نہیں تھا لیکن مریم اپنی بھی اداؤں پر غور کریں تو پھر علی امین گنڈا پور کو کہنے کی یہ ضرورت نہیں تھی۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں اسکردو میں انتخابی کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز پر ذاتی حملے کئے تھے اور کہا تھا کہ میں ریکارڈ پر کہتا ہوں کہ مریم خوبصورت ہیں یہ میں بھی مانتا ہوں لیکن اس خوبصورتی کے اوپر نواز شریف کی حکومتوں عوام کا کروڑوں روپے لگ گئے۔ مریم نواز نے خود کو خوبصورت بنانے کے لئے کررڑوں روپے کی سرجریاں کروائیں۔
علی امین گنڈا پور کے بیان سے قبل وزیراعظم نے بھی کہا تھا کہ نواز شریف کی بیٹی اس لیے بات کر رہی ہے کہ ہم یہاں خواتین کا احترام کرتے ہیں اور وہ اس چیز کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پاک فوج کے خلاف زبان استعمال کر رہی ہے جبکہ فوج کے جوان روز اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔