نیپرا نے ایک ماہ کیلئے بجلی 48 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی، نوٹیفکیشن جاری

12:44 PM, 9 Nov, 2020

اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے صارفین پر بجلی گراتے ہوئے ایک ماہ کیلئے بجلی کی قیمت میں 48 پیسے فی یونٹ اضافہ کر دیا ہے۔ فیصلے کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ صارفین سے اضافی وصولی نومبر کے بل میں کی جائے گی۔ یہ اضافہ اگست کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے۔

نیپرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اگست میں بجلی کی فی یونٹ پیداوار پر فیول لاگت 3 روپے 68 پیسے فی یونٹ رہی۔ اگست میں بجلی کی پیشگی فیول لاگت 3 روپے 20 پیسے فی یونٹ مقرر تھی۔

خیال رہے کہ نیپرا کی جانب سے گزشتہ ماہ 8 اکتوبر کے روز بجلی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا۔ اس اضافے کی وجوہات ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ بتائی گئی تھی۔ یہ اضافہ جولائی 2020ء کی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا تھا۔ اس کا اطلاق لائف لائن کے علاوہ تمام صارفین پر کیا گیا تھا۔ اس سے قبل ماہ ستمبر میں بجلی کی قیمت ایک روپے باسٹھ پیسے مہنگی کی گئی تھی۔ 

مزیدخبریں