اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انتہا پسندی اور فرقہ واریت پر قابو پانے کیلئے مفکر پاکستان علامہ اقبالؒ کا نظریہ ہمارے لئے اب بھی مشعل راہ ہے۔
علامہ اقبالؒ کے یوم پیدائش پر وزیراعظم کی جانب سے جاری خصوصی پیغام میں کہا گیا ہے کہ قوم کو چاہیے کہ وہ تمام توانائیاں قومی، سماجی اور سیاسی اداروں کی تشکیل نو پر مرکوز کریں تاکہ اس کے ذریعے ملک کو علامہ اقبالؒ کے افکار کے مطابق ڈھالا جا سکے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی نوجوان نسل اپنی صلاحیتوں کو برائے کار لا کر دنیا میں اپنا الگ مقام حاصل کر سکتی ہیں جس کا خواب علامہ اقبالؒ اور ہمارے اکابرین نے دیکھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ عامہ اقبالؒ نے عرصہ پہلے اپنی دور اندیشی سے پاکستان اور مسلمانوں کو درپیش مسائل کی نشاندہی کر دی تھی بلکہ اس کے سدباب کیلئے حل بھی بتا دیا تھا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ مسلمان غلامی کے اندھیروں میں جکڑے ہوئے تھے لیکن علامہ اقبالؒ کی شاعری نے برصغیر کے مسلمانوں کو غفلت سے بیدار کیا۔ ان کی شاعری اور افکار نے مسلمانوں کی بھرپور رہنمائی کی۔
وزیراعظم نے پاکستانی قوم خصوصاً نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ ہم آج بھی علامہ اقبالؒ کے افکار پر عمل پیرا ہو کر ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اس طرح ہم پاکستان کو ایک فلاحی ریاست میں تبدیل کر سکتے ہیں۔