لاہور: دنیا بھر میں بسنے والے سکھوں کی 72 سال کی دعائیں قبول ہوئیں۔ وزیراعظم عمران خان آج کرتارپو ر راہداری کا افتتاح کریں گے اور یہ منصوبہ 10 ماہ کی قلیل مدت میں مکمل کیا گیا ہے۔
راہداری کی تعمیر کے ساتھ پاکستان میں موجود سکھوں کے دوسرے مقدس ترین مقام گوردوارہ دربار صاحب میں بھی توسیع کی گئی ہے۔ 44 ایکڑ رقبے پر مشتمل دنیا کا یہ سب سے بڑا گوردوارہ ہے۔ سکھ یاتری 72 سال کی دعائیں پوری ہونے پر خاصے خوش دکھائی دے رہے ہیں۔
افتتاحی تقریب کا آغاز صبح 11 بجے ہو گا۔ پنڈال میں 6 ہزار سے زائد مہمانوں کے لیے کرسیاں لگائی گئی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان منصوبے کا افتتاح، راہداری کا وزٹ اور تقریب سے خطاب کریں گے جب کہ بھارت سے آئے ہوئے مہانوں کے نمائندے بھی اظہار خیال کریں گے اور اس حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب میں جہاں بھارت سمیت مختلف ممالک سے آئے ہوئے ہزاروں سکھ یاتری شریک ہوں گے وہیں سابق بھارتی کرکٹر اور عمران خان کے دوست نوجوت سنگھ سدھو بھی شریک ہوں گے۔
سابق بھارتی وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ، مشرقی پنجاب کے وزیراعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ، اداکار اور ممبر پارلیمنٹ سنی دیول سمیت دیگر کئی بھارتی مہمان بھی راہداری کے راستے گوردوارہ دربار صاحب آئیں گے۔
پاکستان نے جذبہ خیرسگالی کے طور پر کرتار پور راہداری کے راستے آنے والے پہلے وفد سے 20 ڈالر سروس فیس نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے خیر سگالی کے طور پر ایک سال کے لیے بھارتی یاتریوں کے لیئے پاسپورٹ اور 10 دن پہلے رجسٹریشن کی شرط ہٹانے کا اعلان کیا تھا تاہم بھارت کی طرف پاکستان مخالف پراپیگنڈے اور اپنی طرف سے پاسپورٹ کی شرط ختم نہ کیے جانے کے بعد ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے کہا گیا ہے کہ اگر پاکستان کی طرف سے دی جا رہی رعایت پر اعتراض ہے تو ہم باہمی معاہدے پر عمل درآمد کریں گے۔
واضح رہے کہ اس منصوبے کا سنگ بنیاد گزشتہ سال 28 نومبر کو رکھا گیا تھا۔ منصوبے کا پہلا فیز مکمل ہو گیا ہے جس کا افتتاح آج ہونے جا رہا ہے۔ دوسرے مرحلے میں یہاں اعلیٰ معیار کے ہوٹل، ریسٹورنٹ اور شاپنگ مال تیار ہوں گے۔