سان فرانسسكو: ایک عرصے سے افواہوں میں رہنے کے بعد سام سنگ نے فولڈایبل پہلے اسمارٹ فون کی تصاویر اور تفصیلات پیش کردیں۔
تفصیلات کے مطابق سام سنگ کے بارے میں قیاس کیا جارہا تھا کہ وہ بہت جلد فولڈ ایبل اسمارٹ فون پیش کرے گا تاہم اس کا باقاعدہ اعلان سام سنگ ڈویلپرکانفرنس (ایس ڈی سی ) میں اس سال کیا گیا ہے۔ اب سے کچھ روز قبل ایک غیرمعروف چینی کمپنی رویول نے نہ صرف دنیا کے پہلے فولڈنگ اسمارٹ فون کی مکمل تفصیل جاری کی بلکہ دسمبر میں باقاعدہ فروخت کا اعلان بھی کردیا تھا۔
شاید اسی وجہ سے سام سنگ نےاپنے پہلے فولڈنگ پروٹو ٹائپ کا اعلان کردیا اور اس کی تفصیل جاری کردی ہے۔ اسمارٹ فون کو کتاب کی طرح کھولا جائے تو اسکرین پھیل کر 7.3 انچ تک وسیع ہوجاتی ہے۔ اسے بنانے کے لیے کمپنی نے ایک نیا انٹرفیس بنایا ہے جسے ون یو آئی کا نام دیا گیا ہے۔ اس طرح کوئی بھی چلنے والی ایپ فون کھلتے ہی اندرونی اسکرین تک منتقل ہوجاتی ہے۔
انفنیٹی فلیکس ڈسپلے فون میں ایک وقت میں تین ایپس چلائی جاسکتی ہیں۔ آپ ویڈیو دیکھتے ہوئے فیس بک پر بات کرسکتے ہیں یا گوگل میپس پر اپنی منزل تلاش کرسکتے ہیں۔
سام سنگ نے اس فون کی تصاویر کم روشنی میں جاری کی ہیں اور بعض تجزیہ نگاروں کے مطابق شاید سام سنگ اس کی ساری تفصیلات ظاہر نہیں کرنا چاہتا کیونکہ تصاویر میں صرف اسکرین ہی دکھائی دے رہی ہے۔