پنجاب حکومت نے لاہور میں ایئر ایمبولینس چلانے کا عندیہ دیدیا

12:10 PM, 9 Nov, 2018

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور میں ائیرایمبولینس سروس شروع کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جدید ترین کارڈیک ایم آر آئی مشین کا افتتاح کیا۔

یہ جدید ترین مشین30 کروڑ روپے کی لاگت سے نصب کی گئی -اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں مریضوں کو بہترین سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔


فرینڈزآف پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی کاوشوں کی تحسین کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ائیر ایمبولینس شروع کرنے کاجائزہ لیں گے ،اس حوالے سے معاملات کا جائزہ لیا جائے گا جس کے بعد منصوبہ بندی کی جائے گی۔


وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ غریب آدمی کو معیاری علاج کے لیے ہسپتالوں میں جدید سہولتیں فراہم کریں گے۔ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ماڈل کو دوردراز اورپسماندہ علاقوں تک لے کرجائیں گے۔


انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں معیاری سہولتوں تک مریضوں کی رسائی ہمارا مشن ہے اورعام آدمی کے لیے ہیلتھ کیئر سسٹم کو خوب سے خوب تر بنائیں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ دور دراز علاقوں میں بھی صحت کی معیاری سہولتیں 24 گھنٹے میسر ہوں۔

دل کے امراض کے جدید اسپتال پسماندہ علاقوں میں بھی ہونے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ پسماندہ علاقوں میں صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے لیے پلان مرتب کر رہے ہیں اورپنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے بورڈ آف مینجمنٹ کو جلد تشکیل دیا جائے گا۔


انہوں نے مزید کہا کہ میں ایمرجنسی بلاک کی تعمیر کے لیے فرینڈز آف پنجاب انسٹی ٹیوٹ کارڈیالوجی کاشکریہ ادا کرتا ہوں کیونکہ گوہر اعجاز اوران کے ساتھیوں نے اس حوالے سے قابل ستائش کام کیا ہے اورہم اس ماڈل کو مزید آگے بڑھائیں گے۔

مزیدخبریں