سشمیتا سین کا اپنے سے 15 سال چھوٹے ماڈل کیساتھ شادی کرنیکا اعلان

11:58 AM, 9 Nov, 2018

ممبئی:بھارتی فلم انڈسٹری کی بڑی عمر کی حسیناﺅں میں اپنے سے چھوٹی عمر کے لڑکوں کے ساتھ شادی کی روایت ہی چل نکلی ہے جبکہ اداکارہ پریانکا چوپڑا کی نک جوناس کے ساتھ شادی کے اعلان کے بعد سابق حسینہ عالم سشمیتا سین نے خود سے 15 برس چھوٹے ماڈل سے شادی کرنے کا فیصلہ کیا ہے، دونوں اگلے سال شادی کے بندھن میں بند جائیں گے۔


بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 42 سالہ اداکارہ و سابقہ ملکہ حسن سشمیتا سین اور 27 سالہ بھارتی ماڈل روہمن شاول کافی دنوں سے ایک ساتھ دیکھے جارہے تھے تاہم اب سشمیتا اور روہمن نے طویل رفاقت کو شادی کے رشتے میں بدلنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔


سشمیتا سین کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ سشمیتا اور روہمن پہلے ہی ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے لیکن اب روہمن نے باقاعدہ طور پر گھٹنوں پر بیٹھ کر سشمیتا سے محبت کا اظہار کردیا ہے اور اداکارہ نے بھی ان کی محبت کو قبول کرلیا ہے۔

سشمیتا اور روہمن شادی کے رشتے میں بندھنے کے لیے اگلے سال کے موسم سرما کی تاریخوں کی تلاش میں ہیں اور یہ بھی کہا جارہا ہے کہ ان کی جلد شادی کی ایک اور وجہ اداکارہ کی بیٹیاں رینی اور علیسا ہیں جوکہ خود بھی روہمن کو پسند کرتی ہیں۔


خیال رہے کہ روہمن شاول سے قبل اداکارہ سشمیتا سین کا نام سابق پاکستانی کرکٹر وسیم اکرم، ہدایت کار وکرم بھٹ اور اداکار رندیپ ہودا سمیت متعدد شخصیات کے ساتھ لیا جاچکا ہے تاہم کسی کے ساتھ بھی سشمیتا کا تعلق زیادہ دن برقرار نہ رہ سکا۔یاد رہے کہ اداکار ارجن کپور کے ساتھ ان سے عمر میں کافی بڑی ملائیکہ اروڑا کے ساتھ شادی کی بھی افواہیں زیر گردش کرتی رہتی ہیں۔

مزیدخبریں