لاہور: آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نیب آفس لاہور میں پیش ہو گئے۔ نیب نے حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کو آج طلب کیا تھا۔ سلمان شہباز لندن میں موجود ہونے کے باعث پیش نہیں ہوئے۔
نیب نے 2 نومبر کو بھی دونوں بھائیوں کو بلایا تھا مگر کوئی پیش نہ ہوا۔ اس سے قبل 10 اکتوبر کو سلمان شہباز پیش ہوئے تھے تاہم اس کے بعد نیب نے انہیں دوبارہ اس کیس میں 2 نومبر کو طلب کیا مگر وہ اس سے قبل ہی ملک چھوڑ کر لندن روانہ ہو گئے جبکہ 2 نومبر کو حمزہ شہباز نے بھی نیب آفس آنے سے معذرت کر لی تھی۔
یاد رہے کہ شریف فیملی کی چنیوٹ میں رمضان شوگر ملز کے لئے 20 کروڑ کی لاگت سے تعمیر کئے جانے والے پل کی بھی نیب تحقیقات کر رہا ہے اور اس کیس کے حوالے سے بھی حمزہ شہباز سے سوالات کئے جائیں گے۔