کرن جوہر نے 'کچھ کچھ ہوتا ہے' کے سیکوئل کی تردید کر دی

10:59 AM, 9 Nov, 2018

ممبئی: کافی عرصے سے قیاس آرائیاں جاری تھیں کہ بالی وڈ کی بلاک بسٹر فلم 'کچھ کچھ ہوتا ہے' کا سیکوئل بنایا جارہا ہے تاہم فلمساز اور ڈائریکٹر کرن جوہر نے ان خبروں کی تردید کردی ہے۔

بھارتی ویب سائٹ بالی وڈ ہنگامہ نے کرن جوہر کے قریبی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ وہ 'کچھ کچھ ہوتا ہے' کا سیکوئل بنانے جا رہے ہیں اور جلد ہی اس کا اعلان کریں گے۔

رپورٹ میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا تھا کہ کرن جوہر نے فلم کی کاسٹ کو فائنل نہیں کیا تاہم وہ ٹائیگر شروف، عالیہ بھٹ اور دیشا پٹانی کو فلم میں شامل کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

یہ بھی دعویٰ کیا گیا تھا کہ اس فلم کی ہدایات کرن جوہر نہیں دیں گے کیونکہ وہ اپنی فلم 'تخت' میں مصروف ہیں۔ تاہم کرن جوہر نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں فلم کے سیکوئل بنائے جانے کی واضح الفاظ میں تردید کر دی۔

کرن جوہر کی ہدایات میں 1998 میں ریلیز ہونے والی فلم 'کچھ کچھ ہوتا ہے'، اپنے وقت کی بلاک بسٹر فلم میں تھی جس میں شاہ رخ خان، کاجول اور رانی مکھرجی نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

مزیدخبریں