پروگرام ’’آئیڈیا کروڑوں کا‘‘ پاکستان میں گیم چینجر بن کر ابھرا ہے : پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمن

09:21 PM, 9 Nov, 2017


لاہور: سپیریئر یونیورسٹی میں مینجمنٹ ریسرچ پر دو روزہ انٹرنیشنل  کانفرنس میں 500سے زائد ملکی اور غیر ملکی ریسرچ سکالرز کی شرکت ٗ 200 سے زائد ریسرچ پیپرز پیش کئے گئے ۔چیئر مین سپیریئر گروپ پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمن نے کہا کہ انٹرنیشنل کانفرنس آن مینجمنٹ ریسرچ (آئی سی ایم آر) وژن ٗ عزم اور ٹیم ورک کی ایسی کہانی ہے جس کے تحت گزشتہ آٹھ سالوں سے ریسرچرز کو کاروباری دنیا میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں۔اس سال کا موضوع ’’ کاروباری ذہن ٗ ابھرتی ہوئی مارکیٹ میں مواقع اور حکمت عملی‘‘ میرے دل کے بہت قریب ہے۔


تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمن نے کہا کہ کاروباری ذہن مارکیٹ میں مسلسل مواقع ڈھونڈنے کا نام ہے۔ میرے خیال میں ابھرتی ہوئی مارکیٹ کے ہیرو یہی کاروباری افراد ہیں۔ یہ قوموں کے محافظ ہیں جو ضرورتوں کو سمجھتے ہیں اور مزید محنت کرتے ہیں تاکہ عام لوگوں کو ثمرات پہنچائے جا سکیں۔


چیئر مین سپریئر گروپ نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم قوم کے اصلی سپر ہیروز کے بارے میں بات کریں ۔ میڈیا اس حوالے سے اپنا کردار ادا کر سکتا ہے کہ وہ ان افراد کی نشاندہی کرے جن کے پاس کاروبار کے منفرد آئیڈیاز ہیں۔ اسی حوالے سے ایک ملین ڈالر پروگرام ’’ آئیڈیا کروڑوں کا ‘‘ معاشرے میں امید کی کرن بن کر روشن ہوا ہے اور عوام میں اس بات کو حقیقت کو رنگ دے رہا ہے کہ ’’ ایک آئیڈیا زندگی بدل سکتا ہے‘‘۔یہ پروگرام گیم چینجر بن چکا ہے اور میں اس حوالے سے ’’ٹیم نیو‘‘ کی تعریف کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے پاکستان میں میڈیا کی تاریخ کے پہلے بزنس گیم شو کو حقیقت کا رنگ دیا ۔

مزیدخبریں