فیس بک پر 200 خواتین ڈاکٹروں کو بلیک میل کرنےوالے ملزم کی تصاویر کے نمونے حاصل کر لئے

08:22 PM, 9 Nov, 2017

لاہور: لاہور کی انسداددہشت گردی عدالت میں فرانزک ٹیم نے فیس بک اور انٹرنیٹ کے ذریعے دو سو سے زائد خواتین ڈاکٹروں کو بلیک میل کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم کی تصاویر کے نمونے حاصل کر لئے۔

انسداد دہشت گردی لاہور کی خصوصی عدالت کے جج شیخ سجاد احمد نے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت عدالتی حکم پر پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی فرانزک ٹیم عدالت میں پیش ہوئی،عدالت نے کمرہ عدالت سے تمام سائلین،وکلا،اور سکیورٹی عملے کو باہر نکال کر اپنی موجودگی میں پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی فرانزک ٹیم کو ملزم عبد الوہاب علوی کے ویڈیوکلپس اور ملزم کے چہرے کے نمونہ حاصل کرنے کی ہدایت کی۔

فرانزک ٹیم نے ملزم کے چہرے کی مختلف تصاویر اتاریں جنہیں برآمد ہونے والے لیپ ٹاپ میں موجود ملزم کی ویڈیوز سے ملا کر فرانزک رپورٹ تیار کی جائے گی، عدالت نے فرانزک ٹیم کو آئندہ سماعت پر فرانزک رپورٹ پیش کرنے کی ہدائت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی،  اس سے قبل عدالتی حکم پر ایف آئی اے کی فرانزک ٹیم ملزم کی آوازکے نمونے حاصل کر چکی ہے۔

درخواست گزار ینگ ڈاکٹرز ایسویسی ایشن کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر سلمان کاظمی کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ملزم کے قبضے سے برآمد ہونے والے موبائل میں دو سو چھیاسی کالزاور متعدد ویڈیوز کی ریکارڈنگ موجود تھیں،ملزم عبدالوہاب پر الزام ہے کہ وہ فیس بک اور واٹس ایپ پر خواتین ڈاکٹرز کو بلیک میل کر کے ان سے بھتا وصول کرتا رہا۔

مزیدخبریں