لاہور: صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثنا ء اللہ خاں نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور اس کی حکومت عقیدہ ختم نبوت کی محافظ ہے۔ ختم نبوت ڈرافٹ میں ترمیم کے ذمہ داران سزا سے نہیں بچ سکیں گے۔ احتجاج کرنے والے علماء کرام حکومت پر اعتماد کریں اور اس یقین دہانی کے ساتھ احتجاج ختم کریں کہ اس ضمن میں کسی سے کوئی رو رعائت نہیں برتی جائے گی ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں حضرت داتا گنج بخش ؒ کے مزار شریف پر حاضر ی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر اوقاف ومذہبی امور زعیم قادری ، سیکرٹر ی اوقاف عبدالجبار شاہین ، ڈائریکٹر جنرل اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری اور ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر نور محمد اعوان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ رانا ثنا ء اللہ خاں نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت پر ایمان لائے بغیر کوئی کامل مسلمان نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہا کہ جو نبی اکرم ﷺ کو آخری نبی نہیں مانتا وہ دائرہ اسلام سے خارج ہے۔ انہوں نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت پر پاکستان مسلم لیگ (ن) اور اس کی حکومت پوری طرح متفق ہے۔ ہم کسی گروہ یا فرد کو یہ ہرگز اجازت نہیں دیں گے کہ کوئی ہمارے اس عقیدے سے چھیڑ چھاڑ یا اس عقیدے کے خلاف کوئی سازش کرے یا اس میں رکاوٹ ڈالے۔ میں تمام علماء کرام اور عاشقان رسول ﷺ سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنے جذبات پر قابو رکھیں اور حکومت نے اس ضمن میں جو انکوائری کمیٹی تشکیل دی ہے اس پر مکمل اعتماد رکھیں ۔
وزیر قانون نے کہا کہ حضرت داتا گنج بخش ؒ ایسی پاک ہستی ہیں جنہوں نے اس خطہ ارض کو اللہ کے دین سے روشنا س کرایا ۔ شاید ہی کوئی ایسا فرد ہو جو ان کی تعلیمات سے بہرہ مند نہ ہوا ہو ۔ انہوں نے کہا کہ حضرت داتا ہجویری ؒ کامل ہستیوں کے لیے بھی رہنمائی کا ذریعہ ہیں ۔ قبل ازیں، رانا ثنا ء اللہ خاں نے دربا ر شریف پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور دعا کی۔