بیجنگ: مشہور سائنسدان اسٹیفن ہاکنگ نے خبردار کیا ہے کہ یہ دنیا آئندہ 600 سال میں اس قدر گرم ہوجائے گی کہ یہاں صرف انسان ہی نہیں بلکہ زندگی کی کسی بھی صورت کا زندہ رہنا تقریباً ناممکن ہوجائے گا اور انسانوں کو چاہیے کہ اس سے پہلے پہلے وہ سیارہ زمین کو چھوڑ کر کہیں اور منتقل ہونے کی تیاری کرلیں۔
بیجنگ میں سائنس اور ٹیکنالوجی کی ایک کانفرنس ’’ٹینسنٹ ڈبلیو ای سمّٹ‘‘ سے ویڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے اسٹیفن ہاکنگ کا کہنا تھا کہ دنیا میں تیزی سے بڑھتی ہوئی انسانی آبادی اور نتیجتاً توانائی کی طلب اور پیداوار میں مسلسل اضافے سے آلودگی بھی حد سے زیادہ بڑھ جائے گی جو بالآخر دنیا کی تباہی کی وجہ بنے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ زمین سے دوسرے سب سے قریب ترین ستارے الفا سینٹوری کے کسی سیارے پر دنیا کے لوگوں کی رہائش کیلیے موزوں ماحول میسر آسکتا ہے۔
انہوں نے اپنے ’’اسٹارشاٹ‘‘ نامی منصوبے کی افادیت اور ضرورت کا خصوصی تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ حقیقت بن جانے کی صورت میں یہ منصوبہ انسانیت کی بقاء میں کلیدی کردار ادا کرسکے گا۔ واضح رہے کہ 10 کروڑ ڈالر کے ابتدائی سرمائے سے شروع ہونے والے اس منصوبے کے تحت ایسے خلائی جہازوں پر کام کیا جائے گا جو 10 کروڑ میل فی گھنٹہ (16 کروڑ کلومیٹر فی گھنٹہ) یعنی تقریباً 45000 کلومیٹر فی سیکنڈ کی غیرمعمولی رفتار سے سفر کرسکیں گے؛ اور انسانوں کو قریبی ستاروں تک پہنچا سکیں گے۔