فرحت اللہ بابر پارلیمانی کمیٹی برائے احتساب قانون سے مستعفی

04:20 PM, 9 Nov, 2017

اسلام آباد : سابق صدر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے چیئرمین آصف علی زرداری کے ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر جرنیلوں اور ججز کے یکساں قانون کے تحت احتساب کی تجویز کو پذیرائی نہ ملنے پر پارلیمانی کمیٹی برائے احتساب قانون سے مستعفی ہو گئے۔

چیئرمین کمیٹی وزیر قانون و انصاف زاہد حامد کو اپنا استعفیٰ بھجوا دیا۔ ارکان پارلیمنٹ، جرنیلوں، ججز و دیگر عوامی عہدیداروں کے احتساب کے لئے آصف علی زرداری کے ترجمان نے یکساں قانون کا تحریری مطالبہ کیا تھا۔ ان کی تجویز کی پاکستان پیپلزپارٹی نے بھی حمایت نہیں کی اور پارلیمانی کمیٹی احتساب قانون کے اجلاس میں پارٹی رہنما سید نوید قمر متذکرہ تجویز کو واپس لے لیا تھا۔ ذرائع کے مطابق ارکان پارلیمنٹ، جرنیلوں، ججز کے بلاتفریق احتساب کی تجویز کو پذیرائی نہ ملنے پر سینیٹر فرحت اللہ بابر دل برداشتہ ہو گئے۔ سینیٹر فرحت اللہ بابر نے پارلیمانی کمیٹی احتساب قانون کی رکنیت سے استعفیٰ دیدیا ہے۔ ذرائع کے مطابق گذشتہ روز کے اجلاس میں ان کے استعفیٰ پر بھی بات ہوئی ہے۔

مزیدخبریں