واشنگٹن : امریکا نے بھارت میں بڑھتے ہوئے مذہبی تشدد اور امتیازی سلوک کو کم کرنے اور ان کے خلاف بہتر نظام بنانے کے لیے غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز) کو تقریبا 5 لاکھ ڈالر کی گرانٹ دینے کا اعلان کردیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق امریکا کے اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے سری لنکا کے لیے بھی اسی گرانٹ کا اعلان کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ امریکا کے اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ، بیور ڈیموکریسی، انسانی حقوق اور لیبر ڈیپارٹمنٹ نے بھارتی پروگرام کے لیے 4 لاکھ 93 ہزار 827 ڈالر کی فنڈنگ اس لیے کی تاکہ بھارت میں بڑھتے مذہبی تشدد اور امتیازی سلوک کو کم کیا جاسکے۔امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق جو این جی اوز گرانٹ حاصل کرنے کی خواہشمند ہیں انہیں بڑھتے ہوئے تشدد کو کم کرنے، اقلیتی اور اکثریتی گروپوں کے درمیان تنازعات کو ختم کرنے کے حوالے سے تجاویز پیش کرنی ہوں گی۔
امریکا کے اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے این جی اوز کو ہدایت کی گئی کہ وہ پروگرام کی سرگرمیوں کو کامیاب کرنے کے لیے ایسے خیالات سامنے لائیں جس میں عوام کو تعصب اور نفرت انگیز پیغام کا مثبت جواب ملے۔
امریکی ہدایات کے مطابق این جی اوز ساتھ ہی ایسا مسودہ بھی تیار کریں جس میں سول سوسائٹی اور صحافیوں کو مذہبی آزادی کے تحفظ کے حوالے سے آگہی دی جائے، اقلیت سے تعلق رکھنے والے افراد کو خاص طور پر اس میں شامل کیا جائے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انسانی حقوق کے معیار کے مطابق آگہی دی جائے۔