لاہور: پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ نواز شریف اداروں سے تصادم کا خطرناک کھیل کھیلنے جا رہے ہیں اور وہ پاکستان کو اس طرف لے جا رہے ہیں جہاں کسی سے نہ سنبھل پائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اپنی ذات اور خاندان کے لیے ملکی سلامتی داؤ پر لگا رہے ہیں۔ وہ پارلیمنٹ اور عدلیہ سمیت تمام اداروں کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔
سابق صدر کا کہنا تھا کہ جہاں ریاستی ادارے تباہ ہوں وہاں خانہ جنگی ہوتی ہے اور ریاستی ادارے ٹوٹ جائیں تو ملکوں کا حال افغانستان،عراق، لیبیا جیسا ہوتا ہے۔ جن ملکوں کے ریاستی ادارے ٹوٹے انہیں امریکی، نیٹو افواج بھی نہ سنبھال پائیں۔
سابق صدر نے کہا کہ پیپلز پارٹی نواز شریف کو یہ خطرناک کھیل نہیں کھیلنے دے گی کیونکہ یہ ملک تباہ کر کے بھاگ جائیں گے لیکن ہم نے یہیں رہنا ہے۔
یاد رہے گزشتہ روز بھی نوازشریف کے عدلیہ سے متعلق بیان پر آصف زرداری نے ان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ موجودہ حالات میں نوازشریف سے تعاون ملک دشمنی جیسا ہو گا۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں