راجگال میں پاکستانی چیک پوسٹ پر حملہ، 1 جوان شہید، 5 دہشت گرد ہلاک

02:21 PM, 9 Nov, 2017

راولپنڈی: پاک- افغان سرحد کے قریب واقع خیبر ایجنسی کی وادی راجگال میں قائم کی گئی نئی پاکستانی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا سپاہی محمد الیاس شہید ہو گیا۔ پاک افواج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں 5 دہشت گرد ہلاک جبکہ 4 زخمی ہوگ ئے۔

اس سے قبل رواں برس 23 ستمبر کو بھی وادی راجگال میں پاک فوج کی چیک پوسٹ پر افغانستان سے دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے افسر لیفٹیننٹ ارسلان عالم شہید ہو گئے تھے۔ یاد رہے کہ پاک فوج نے رواں برس 15 جولائی کو خیبرایجنسی کی وادی راجگال میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن خیبر فور کا آغاز کیا تھا جسے اگست میں مکمل کر لیا گیا تھا۔

اس حوالے سے ایک پریس کانفرنس کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ آپریشن خیبرفور میں تقریباً 95 فیصد مقاصد حاصل کر لیے گئے ہیں۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں