پیانگ یانگ: شمالی کوریا نے ایک بار پھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے کہ ’پاگل بوڑھے شخص‘ کو صدارت سے ہٹایا جائے ورنہ واشنگٹن تباہی کے لیے تیار ہو جائے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ان دنوں جنوبی ایشیا کے 5 ممالک کے دورے پر ہیں جہاں وہ جنوبی کوریا کے دورے کے بعد آج ہی چین پہنچے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے جنوبی کوریا کے دورے کے دوران شمالی کوریا کے خلاف سخت الفاظ استعمال کیے جس کے ردعمل میں شمالی کورین رہنما کم جانگ ان نے بھی بھرپور جواب دیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ ہم اس چیز کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے کہ ہمارے شہروں کو تباہ کرنے کی دھمکیاں دی جائیں اور ہمیں جوہری ہتھیاروں سے خوفزدہ کیا جائے۔
کم جانگ ان نے ڈونلڈ ٹرمپ کو بوڑھا پاگل آدمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا ڈونلڈ ٹرمپ کو فوری طور پر برطرف کر کے شمالی کوریا کے خلاف اپنی معاندانہ پالیسی ترک کرے اور تباہی کی دلدل میں پھنسنے سے بچے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر امریکا جوہری تباہی نہیں چاہتا تو اس کے پاس بہترین موقع ہے کہ وہ اس حوالے سے فیصلہ کر لے۔
چین روانگی سے قبل جنوبی کوریا کی پارلیمنٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ نا تو ہمیں دبانے کی کوشش کی جائے اور نا ہی ہمارا امتحان لیا جائے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کم جانگ ان کام نام لیے بغیر کہا کہ جو ہتھیار تم حاصل کر رہے ہو یہ تمھیں محفوظ نہیں بنا سکتے، یہ ہتھیار تمھاری حکومت کو بڑے خطرے میں ڈال رہے ہیں۔خیال رہے کہ اس سے پہلے بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کورین رہنما کم جانگ ان ایک دوسرے کے خلاف تند و تیز جملوں کا تبادلہ کر چکے ہیں۔