امریکن ڈینٹل ایسوسی ایشن کے مطابق چند ایسی باتیں ہیں جن پر عمل کرکے آپ اپنے دانتوں کو لمبے عرصے تک محفوظ بناسکتے ہیں۔
ناخن مت چبائیں:ماہرین کا کہنا ہےکہ ناخن نہ چبائیے کیونکہ اس سے آپ کے جبڑوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور دانتوں پر موجود انیمل کی حفاظتی تہہ بھی اُکھڑ سکتی ہے۔
برش آرام سے کریں: زیادہ سختی اور شدت سے دانت برش نہ کریں کیونکہ اس سے دانتوں اور مسوڑھوں دونوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ بہتر ہے کہ نرم ریشوں والے ٹوتھ برش سے دانت صاف کریں لیکن دانتوں اور مسوڑھوں پر زیادہ دباؤ نہ ڈالیے۔
دانت مت پیسیں:دانت پیسنے اور بالائی اور نچلے جبڑوں کو ایک دوسرے پر رگڑنے سے پرہیز کریں کیونکہ اس سے نہ صرف جبڑوں میں درد ہوسکتا ہے بلکہ دانت بھی ٹوٹ سکتے ہیں۔
برف سے پرہیز:برف چبانے یا چوسنے سے گریز کریں کیونکہ برف کی ٹھنڈک اور سختی دونوں مل کر آپ کے دانتوں کو توڑ بھی سکتی ہیں۔
میٹھی چیزوں سے دور رہیں:زیادہ میٹھی چیزیں، اسنیکس اور فاسٹ فوڈ سے بچیں کیونکہ ان میں دانتوں کو کمزور بنانے اور تباہ کرنے والے اجزاء کی وافر مقداریں موجود ہوتی ہیں۔