لاہور:لاہور ایئر پورٹ پر امیگریشن سسٹم کی بحالی کا وقت رات 10 بجے تک بڑھا دیا گیا۔لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آتشزدگی کے بعد فلائٹ آپریشن کی بندش کا دورانیہ بڑھادیا گیا۔
سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری نوٹم میں کہا گیا ہےکہ لاہور ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن رات 10 بجے تک بند رہے گا جب کہ اس سے قبل لاہور ائیرپورٹ کی بندش کا دورانیہ سہ پہر 3:30 بجے تک تھا۔ نوٹم کے مطابق لاہور ایئرپورٹ پر امیگریشن سسٹم بحالی کیلئے رات 10 بجے تک کا وقت دیا گیا ہے،آئی ایم ایس سسٹم بحال ہونے پر انٹرنیشنل فلائٹ آپریشن شروع ہو سکے گا۔
واضح رہے کہ آج علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر آتشزدگی کے سبب حج پروازیں تاخیر کا شکار ہوگئی تھیں جبکہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے آتشزدگی کے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا تھا۔