اسلام آباد:وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے عازمین حج کے اصرار پر چند قوائد میں نرمی کر دی، وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری کردی بیان کے مطابق جن عازمین کے پاسپورٹ 5جنوری 2023تک کارآمد نہیں وہ اپنے پاسپورٹ کے اعادہ کیلئے پاسپورٹ آفس کے فراہم کردہ ٹوکن پر بھی حج درخواست جمع کروا سکتے ہیں بشرطیکہ وہ نئے پاسپورٹ 18 مئی 2022 تک لازمی جمع کروا دیں۔ بصورت دیگر ناکام تصور کیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق درخواست گذار اپنے پاسپورٹ حج درخواست کے ساتھ ہی بینکوں میں جمع کروانے کے پابند ہیں،سمندرپار پاکستانی 5جنوری 2023 تک کارآمد پاکستانی پاسپورٹ اور شناختی کارڈ (نائیکوپ)کی فوٹو کاپی پر اپلائی کر سکتے ہیں بشرطیکہ اپنے بینک کے توسط سے وزارت کو آخری حج پروازوں میں بکنگ کی درخواست بھجوائیں اور مقررہ تاریخ سے لیٹ پاسپورٹ جمع کرانے کی صورت میں ویزہ نہ لگنے کی مکمل ذمہ داری لیں۔
دوسری جانب سعودی عرب نے رواں سال حج کے لیے عمرکی حدکا ا علان کردیا،حج65 سال سے کم عمر عازمین کے لیے ہوگا، ویکسینیشن کی ساری خوراک مکمل کرانا لازمی ہوگا ،روانگی سے 72 گھنٹے قبل ٹیسٹ رپورٹ دینا ہوگی،سعودی وزارت کا کہنا ہے کہ عازمین کو مناسک حج ادا کرتے وقت تمام احتیاطی تدابیر پرعمل کرنا ہوگا۔اعلامیے کے مطابق اس سال دنیابھر سے عازمین حج کی تعداد 10 لاکھ تک ہوگی، یہ تعداد اسلامی ممالک کو دیے گئے کوٹے کے مطابق ہے۔
انکے لئے اصل پاسپورٹ 20 ذی القعدہ سے پہلے وزارت میں پہنچانا لازمی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سال 2015سے 2019کے دوران حج کرنے والے افراد اس سال سرکاری حج سکیم میں درخواست دینے کے اہل نہیں ماسوائے کہ وہ مرد حضرات جو کسی ایسی خاتون رشتہ دار کے شرعی محرم ہوں جس نے خود بھی مذکورہ عرصہ کے دوران حج نہ کیا ہو۔
وزارت مذہبی امور و بین المذاہب کے مطابق 12سال سے کم عمر بچے بھی حج کیلئے اپلائی کر سکتے ہیں جن کی ویکسین نہیں ہوئی۔ یہ معاملہ سعودی وزارت حج سے منظوری پر مشروط ہے۔ بیان میں تمام منتخب 14 بینکوں کو ان قوائد سے متعلق ہدایات جاری کردی گئیں ہیں۔