لاہور: وزیراعظم شہباز شریف کے خلاف منی لانڈرنگ سمیت مختلف مشہور مقدمات کی انکوائری کرنے والے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے ڈائریکٹر ڈاکٹر رضوان انتقال کر گئے۔
تفصیلات کے مطابق جوہر ٹاﺅن کے علاقے میں رہنے والے ڈاکٹر رضوان کو لاہور میں دل کا دورہ پڑا جس پر انہیں سروسز ہسپتال لایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی، ان کی پہچان ایک دلیر اور فرض شناس افسر کے طور پر تھی۔
ڈاکٹر رضوان شہباز شریف کیخلاف انکوائری کررہے تھے اور انہوں نے جعلی اکاؤنٹس کیس کی بھی تحقیقات کیں تاہم موجودہ حکومت نے اقتدار میں آتے ہی انہیں عہدے سے ہٹادیا۔
وہ شوگر مافیا کیخلاف تحقیقات کرنے والی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے سربراہ بھی تھے لیکن مافیا کے دباؤ پر انہیں ہٹا دیا گیا تھا جبکہ وہ ایس ایس پی شکار پور بھی رہے۔
اس دوران انہوں نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ پی پی کے وزیر امتیاز شیخ، سعید غنی کے بھائی فرحان غنی اجرتی قاتلوں، منشیات فروشوں کے سہولت کار ہیں۔
ڈاکٹر رضوان کی جانب سے یہ رپورٹ دئیے جانے پر وزیراعلیٰ سندھ نے ان کیخلاف انکوائری بھی شروع کرائی تھی جبکہ انہوں نے نقیب اللہ قتل کیس کی بھی تفتیش کی تھی تاہم اس دوران انہیں عہدے سے ہی ہٹا دیا گیا تھا۔