لاہور: عیدالفطر کی آمد کیساتھ ہی ملک بھر میں مرغی کے گوشت کی قیمت میں حیران کن اضافہ ہو گیا ہے جس کے باعث شہری بے حد پریشان ہیں اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت برائلر کی قیمتوں کو کنٹرول کرے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں مرغی کا گوشت 400 روپے سے بھی زائد میں فی کلو فروخت ہو رہا ہے جبکہ زندہ مرغی 281 روپے کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔ پشاورمیں بڑھتےکورونا کیسز کے سدباب کیلئے لاک ڈاؤن کے نفاذ کے ساتھ ہی مرغی کی قیمت فی کلوگرام 293 روپے پر جا پہنچی ہے۔
کوئٹہ میں گزشتہ 2 روز میں مرغی کےگوشت کی فی کلو قیمت میں 40 روپے کا اضافہ ہوگیا ہے جس کے بعد ایک کلو گوشت 450 سے بڑھ کر 470 روپے میں فروخت ہونے لگا ہے۔ مرغی کے گوشت کی بڑھتی قیمتوں پر شہری پریشان ہیں جبکہ دکانداروں نے قیمتوں میں اضافے کی ذمہ داری پولٹری فارمز پر ڈال دی ہے۔