شہباز شریف ملک میں رہ کر کرپشن کیسز کا سامنا کریں، فردوس عاشق اعوان

12:27 PM, 9 May, 2021

لاہور: معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عید پاکستان میں منائیں، کس چیز کی بے تابی ہے؟ شہباز شریف ملک میں رہ کر کرپشن کیسز کا سامنا کریں۔ شاہی خاندان عید پاکستان میں منانا اپنی توہین سمجھتا ہے۔

میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے کا دفتر عید کی چھٹیوں کی وجہ سے بند ہے لیکن یہ لوگ بند دفاتر میں یہ چٹھیاں پھینکتے رہے۔ ان کی کنیزیں ایف آئی اے کے دفتر پر حملہ آور ہوئیں۔ مخصوص ٹولہ گالم گلوچ بریگیڈ بن کر حکومت پر چڑھائی کر رہا ہے۔ بند دفتر میں چٹھیاں پھینک کر میڈیا پر فلم کی شوٹنگ کراتے رہے

ان کا کہنا تھا کہ شریف خاندان کا کاروبار، اولاد اور جائیدادیں ملک سے باہر ہیں۔ شاہی خاندان علاج کی آڑ میں مال ودولت ٹھکانے لگانے لگا رہا ہے لیکن حکومت آپ کے عزائم کے آگے چٹان بن کر کھڑی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو جوابدہ ہے لیکن انہوں نے ہمیشہ قانون کو اپنے تابع رکھا۔ پی ٹی آئی حکومت قوم سے کیا ہر وعدہ پورا کرے گی۔ شہباز شریف کرپشن الزامات کا سامنا کرنے کے بجائے باہر جانا چاہتے تھے۔

ڈاکٹر فردوس عاق اعوان نے کہا کہ شہباز شریف نے نواز شریف کی بھی گارنٹی دی تھی۔ نواز شریف نے کہا تھا کہ 4 ہفتے میں علاج کرا کر واپس آ جاؤں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ کی جائیدادیں، اولادیں، کاروبار اور سمدھی باہر ہیں۔ عید کی خوشیاں بیرون ملک منانا آپ کیلئے باعث اعزاز ہے۔ جو یہاں عید منانا بھی توہین سمجھے وہ ملک کا وفادار کیسے ہو سکتا ہے۔ کسی عید کا مزہ پاکستان میں بھی چکھ لیں۔

مزیدخبریں