اسلام آباد: سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کیلئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آرڈینس جاری کر دیا ہے جسے الیکشن ترمیمی آرڈیننس کا نام دیا گیا ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے یہ آرڈیننس آئین کے آرٹیکل 89 کے تحت جاری کیا گیا ہے۔ اس آرڈیننس کے تحت الیکشن ایکٹ 2017ء کے سیکشن 103 اور (1) 94 میں ترمیم کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ آئین کا سیکشن (1) 94 اوورسیز پاکستانیوں کیلئے ووٹ كا حق دیتا ہے۔ اس آرڈیننس کے ذریعے اوورسیز پاکستانی عام انتخابات کے دوران ووٹ ڈالنے کے قابل بنیں گے جبکہ انھیں اس کیلئے نادرا اور الیکشن کمیش کی بھی معاونت ہوگی۔
دوسری جانب آئین کے سیکشن 103 میں درج ہے کہ الیکشن کمیشن الیکشن کے دوران میں ووٹنگ کے عمل کیلئے الیکٹرونکس ووٹنگ مشینیں خریدنے کا پابند ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر مملکت کی جانب سے جاری آرڈیننس سے سمندر پار پاکستانیوں کو بائیومیٹرک تصدیقی مشینوں، الیکٹرونک ووٹنگ اور ووٹ کی سہولت کیلئے پائلٹ منصوبوں سے متعلق شقیں بدلی گئی ہیں۔