ممبئی: بالی ووڈ اداکاراؤں دیپیکا پاڈکون اور شلپا سیٹھی کے بعد اب معروف اداکارہ کنگنا رناوت بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہو چکی ہیں۔ انہوں نے وبائی مرض میں مبتلا ہونے کے بعد خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔
بیماری میں مبتلا ہونے کی تصدیق کنگنا رناوت نے خود سوشل میڈیا کے ذریعے کی اور اپنے مداحوں کے نام پیغام میں لکھا کہ کورونا وائرس ایک عام نزلہ زکام ہے، کوئی خاص بیماری نہیں، یہ بیماری انسانی نفسیات پر حملہ کرتی ہے، میں جلد اسے شکست دے کر صحت مند ہونے میں کامیاب ہو جاؤں گی۔
اداکارہ نے اپنے مداحوں کو پیغام دیا کہ کوویڈ کوئی خاص بیماری نہیں ہے بلکہ وقتی فلو ہے جو انسانوں کی نفسیات پر حملہ کرتا ہے اور میں بہت جلد اس سے صحت یاب ہو جاؤں گی۔
اس سے قبل اپنی ایک اور پوسٹ میں کنگنا رناوت نے سماجی رابطوں کی معروف ویب سائٹ ٹویٹر پر نسل پرستانہ ہونے کا الزام عائد کیا۔
کنگنا رناوت کا کہنا تھا کہ کسی بھورے شخص کو ایک سفید فام پیدائشی طور پر غلام بنانے کا حق رکھتا ہے، ٹویٹر نے میری یہ بات ثابت کر دی ہے کہ وہ امریکی ہے۔
بالی ووڈ اداکارہ کا کہنا تھا کہ ہم نے کیا کرنا ہے، کیا بولنا ہے اور کیا سوچنا ہے، اس کے بارے میں وہ ہمیں بتانا چاہتے ہیں۔
تاہم انہوں نے کہا کہ میں اپنی آواز کو بلند کرنے کیلئے مختلف پلیٹ فارمز کا سہارا لے سکتی ہوں، ٹویٹر کے علاوہ بھی دنیا میں اور بہت سی ویب سائٹس ہیں جہاں میں اپنی بات دوسروں تک پہنچا سکتی ہوں۔