شہباز شریف کا لندن جانا مشکل ہے، شیخ رشید

شہباز شریف کا لندن جانا مشکل ہے، شیخ رشید
کیپشن: حکومت اور اپوزیشن دونوں طرف سے لوگوں کو نیب کی زد میں آتے دیکھ رہا ہوں، شیخ رشید۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور:  شیخ رشید نے کہا ہے کہ ٹارزن کی واپسی کو کوئی نہیں روک سکتا، نیب سرکاری اور غیر سرکاری دونوں کیس دیکھے گا، شہباز شریف کا لندن جانا مشکل ہے، چودھری برادران ہمارے اپنے ہیں، نہیں لگتا کچھ ہوگا، امید ہے عید سے پہلے دو تین ٹرینیں کھل جائیں گی۔


وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا شہباز شریف اپنے کاغذ لندن بھول آئے ہیں، نیب نے جتنے سوال کیے شہباز شریف نے کہا کاغذ لندن میں ہیں، بڑے پیمانے پر نیب کو ٹارزن بنتے دیکھ رہا ہوں، حکومت اور اپوزیشن دونوں طرف سے لوگوں کو نیب کی زد میں آتے دیکھ رہا ہوں، جس دن شوگر ملز کی فرانزک رپورٹ آئے گی، عمران خان ایکشن لیں گے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا مقبوضہ کشمیر میں صورتحال مزید خراب ہو رہی ہے، کشمیر کے حالات پاکستان بھارت میں چھوٹے تصادم کا باعث بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا رواں ماہ 5 ارب روپے کا نقصان ہوا ہے، 30 دسمبر تک تمام ریلوے کالونیز میں بجلی کے میٹر لگ جائیں گے، 10 مئی سے ٹرینیں چلانے پر وفاق نے ساتھ دیا، امید ہے عید سے پہلے ٹرینیں چلانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔