لاہور : وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا لاہور کے سروسز ہسپتال میں علاج جاری ہے۔ ڈاکٹرز کے مطابق احسن اقبال کو ہسپتال میں مزید سات سے 10 روز گزارنا پڑ سکتے ہیں جبکہ انہیں مکمل صحت یاب ہونے کے لئے اڑھائی سے تین ماہ کا وقت لگ سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق احسن اقبال تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔ احسن اقبال سے ملنے کی اجازت صرف 10 افراد کو دی گئی ہے جن میں احسن اقبال کے دو بیٹے، ایک بیٹی اور بھائی شامل ہیں جبکہ دیگر افراد میں تین ڈاکٹرز اور تین نرسز شامل ہیں جبکہ دیگر افراد کو احسن اقبال سے ملنے کی اجازت نہیں۔
واضح رہے کہ گذشتہ اتوار کے روز نارووال کے علاقہ کنجروڑ میں ایک تقریب کے دوران احسن اقبال پر فائرنگ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گئے تھے جبکہ ملزم عابد حسین کو موقع پر ہی سکیورٹی اہلکاروں نے گرفتار کر لیا تھا۔