'نواز شریف پر دشمن ملک ڈالر بھجوانے کا الزام، پارلیمنٹ چیئرمین نیب کو طلب کرے'

01:35 PM, 9 May, 2018

اسلام آباد:وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا نیب کرپشن کے خلاف اپنا کردار ادا کرے اور انصاف کے تقاضے پورے کرے جبکہ نواز شریف پر بھی نیب کی عدالتوں میں کیسز چل رہے ہیں ہفتے میں چھ پیشیاں ہو رہی ہیں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی لیکن انصاف ہوتا ہوا نظر نہیں آ رہا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نیب کی جانب سے 8 مئی کو پریس ریلیزجاری کی گئی جس میں نیب سربراہ کہتے ہیں نواز شریف نے 4 اعشاریہ 9 ارب ڈالرز بھارت بھیجے اگر ادارے اس قسم کے کام کریں تو ملک نہیں چل سکے گا اور اس قسم کی سوچ رکھنے والے ادارے اور چیئرمین ہونگے تو نیب کیسے چلے گا؟۔

وزیراعظم کا اس موقع پر مزید کہنا تھا کہ نیب نے ملک کے سابق وزیراعظم پر سنگین الزام لگایا تاہم ایوان چیئرمین نیب کو طلب کرے اور ان سے پوچھ گچھ کرے اور نیب ایوان کو بتائے اس کے پاس کیا ثبوت ہیں۔ انہوں نے عندیہ دیا کہ احتساب قانون میں ترمیم کرنے کو تیار ہیں اور ترمیم پر اپوزیشن چاہے تو بحث کر لے کیونکہ جو حالات نیب کی وجہ سے پیدا ہو رہے ہیں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ہماری حکومت آئی لیکن ہم بد قسمتی سے اس ادارے میں اصلاحات نہیں لا سکے کیونکہ یہ ادارہ ایک آمر نے سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے اور لوگوں کو توڑنے کیلئے بنایا تھا۔

 

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں