واشنگٹن: امریکا کے سابق صدر باراک اوباما نے ایران سے جوہری معاہدے سے نکلنے کے ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ کے فیصلے کی شدید مذمت کی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران جوہری معاہدے سے نکلنے کے ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان پر سابق صدر باراک اوباما نے کہا کہ ایران ڈیل ختم کرنے کا فیصلہ گمراہ کن اور سنگین غلطی ہے۔ یہ واضح ہے کہ جوہری معاہدہ اب بھی فعال ہے۔
مزید پڑھیں: اردوان نے قرآنی آیات حذف کرنے کا مطالبہ مسترد کر دیا
بارک اوباما نے کہا کہ یورپی اتحادیوں کے علاوہ آزاد ماہرین اور موجودہ امریکی وزیر خارجہ خود اس معاہدے کے حامی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا اعلان گمراہ کن ہے۔
سابق امریکی صدر نے کہا کہ جمہوریت میں ہمیشہ پالیسیوں میں تبدیلیاں آتی ہیں اور ہر آنے والی حکومت کی اپنی ترجیحات ہوتی ہیں تاہم مسلسل معاہدوں کی پاسداری نہ کرنے سے امریکا کی ساکھ متاثر ہوتی ہے۔ باراک اوباما نے مزید کہا کہ کسی ایرانی اشتعال انگیزی کے بغیر معاہدے کو خطرے میں ڈالنا سنگین غلطی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی صدر کا اعلان عالمی معاہدوں کی خلاف ورزی ہے، حسن روحانی
یاد رہے کہ 2015 میں ایران سے جوہری معاہدے کے دوران امریکا کی جانب سے اس وقت کے صدر باراک اوباما نے دستخط کیے تھے جب کہ معاہدے میں یورپی یونین سمیت برطانیہ، فرانس، جرمنی، روس اور چین فریق تھے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں