اسلام آباد: وزیر داخلہ چودھری نثار پریس کانفرنس کے دوران نئے نوٹیفکیشن اور ڈان لیکس کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا اعلان کریں گے۔ چودھری نثار ڈان لیکس تحقیقاتی کمیشن رپورٹ کو پبلک کرنے کے حوالے سے حکومتی پالیسی سے بھی آگاہ کرینگے۔ گزشتہ روز چودھری نثار نے وزیراعظم سے ملاقات کی تھی۔
اس ملاقات میں وزیراعظم نے نوٹیفکیشن کی منظوری دیتے ہوئے چودھری نثار کو نئے نوٹیفکیشن میں فوج کے تحفظات دور کرنے کی بھی ہدایت کی تھی کیونکہ پاک فوج کی جانب سے نیوز لیکس کے نوٹی فکیشن کو مسترد کر دیا گیا تھا۔
واضح رہے اس سے پہلے وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے درمیاں بھی ملاقات ہوئی تھی جس میں آرمی چیف نے ڈان لیکس کے نوٹیفکیشن پر پاک فوج کے تحفظات کے حوالے سے بات کی جس پر وزیر اعظم نے آرمی چیف کو تحفظات دور کرنے اور نیا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا یقین دلایا تھا۔ ملاقات کے بعد وزیر اعظم نے وزیر داخلہ کو بلا کر ڈان لیکس پر نئے نوٹیفکیشن کے حوالے سے ہدایات بھی دیں تھیں۔
یاد رہے 22 اپریل کو وزیر اعظم ہاؤس سے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم نے وزارت اطلاعات کے اعلیٰ افسر راؤ تحسین کے خلاف ای ڈی رولز 1973 تحت کارروائی کی منظوری بھی دی تھی۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں