بچی کو زبردستی ونی کرنے پر والد کی خودکشی، آئی جی کے پی کا سخت نوٹس

بچی کو زبردستی ونی کرنے پر والد کی خودکشی، آئی جی کے پی کا سخت نوٹس

ڈیرہ اسماعیل خان: خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) میں جرگے کے فیصلے کے باعث کمسن بچی کو ونی کرنے پر والد نے دلبرداشتہ ہو کر خودکشی کر لی۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے نامزد تین میں سے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ بچی کو بحفاظت ورثا کے حوالے کر دیا گیا۔


ڈی آئی خان پولیس کے مطابق، سوشل میڈیا پر ونی کی خبر وائرل ہونے پر انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا (کے پی) ذوالفقار حمید نے فوری نوٹس لیا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ باقی ملزمان کی تلاش جاری ہے۔


ایس پی گوہر خان نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ بچی کو بحفاظت اس کے اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا ہے اور ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے وائس نوٹ میں خودکشی کرنے والے متاثرہ والد عادل نے غلام فرید اور کفایت کو نامزد کیا تھا، جس میں اس نے بتایا کہ غلام فرید نے زبردستی اس کی کمسن بیٹی کو اپنے بیٹے سے بیاہنے کا فیصلہ کیا۔

پولیس کی تشکیل کردہ ٹیم نے فوری چھاپے مار کر مرکزی ملزم غلام فرید (لڑکے کا والد) اور عرائص نویس کفایت کو گرفتار کر لیا جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔


انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے ریجنل پولیس افسر ڈیرہ سید اشفاق انور اور ڈی پی او ڈیرہ سجاد احمد کو فوری کارروائی کا حکم دیا، جس کے بعد ایس پی پہاڑپور گوہر علی خان کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کو ونی کرنے میں ملوث تمام ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے گا اور قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے گی تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔