آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 بھارت نے جیت لی ، نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 بھارت نے جیت لی ، نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز بنائے۔ کیویز کی جانب سے ڈیرل مچل 63، راچن رویندرا 37 اور گلین فلپس 34 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ بھارت کی طرف سے کلدیپ یادیو اور یارون چکرورتی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں بھارتی ٹیم نے 48ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر ہدف پورا کرلیا۔ کپتان روہت شرما نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 76 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ شریاس آئیر نے 48 اور اکشر پٹیل نے 29 رنز اسکور کیے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے باؤلنگ میں ٹرینٹ بولٹ اور لوکی فرگوسن نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، تاہم وہ اپنی ٹیم کو فتح نہ دلا سکے۔

بھارتی کپتان روہت شرما نے جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے زبردست کارکردگی دکھائی اور نیوزی لینڈ جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف جیتنا ہمیشہ ایک چیلنج ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ 25 سال قبل 2000 میں چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی، لیکن اس بار بھارت نے تاریخ بدل دی۔